تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداددوتہائی اکثریت سے منظور

تحصیل کونسل ایبٹ آباد کے اجلاس میں تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداددوتہائی اکثریت سے منظور کرلی گئی ہے۔تحصیل کونسل کے 57ممبران میں سے39ممبران نے قرارداد کی حمایت کی ہے۔سوموار کے روز تحصیل کونسل ایبٹ آباد کا اجلاس تحصیل ممبر نعیم لودھی کی زیرصدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں تحصیل نائب ناظم سردار شجاع شریک نہیں ہوئے۔ایک نکاتی ایجنڈا کے تحت مسلم لیگ (ن)کے اپوزیشن لیڈر عنصر عباسی نے تحصیل نائب ناظم کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد کنوینئر کو پیش کی ۔ جس کے بعد کنوینئر نے قرارداد پر رائے شماری کروائی ۔57 کے ایوان میں موجود پاکستان مسلم لیگ کے(ن) 23ٗ پاکستان تحریک انصاف کے 22ٗ جماعت اسلامی کے 7ٗ پی ٹی آئی فاروڈ بلاک کے 4اور 1آزاد امیدوار نے رائے شماری میں حصہ لیا ۔ قرارداد کی حمایت میں 39ممبران جن میں مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے ممبران نے ہاتھ اٹھا کر ووٹ دیئے ۔جس پر بلدیاتی ایکٹ کے مطابق 10دنوں کے لئے اجلاس ملتوی کر دیا گیا ۔تحصیل کونسل کا اگلا اجلاس 15 فروری بروز بدھ کو طلب کر لیا گیا جس میں تحصیل نائب ناظم کیخلاف حتمی رائے شماری کی جائے گی۔